اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنماؤں سینیٹر شبلی فراز اور ایم این اے عمر ایوب سمیت 9 ارکان پارلیمنٹ کو نااہل کردیا۔
الیکشن کمیشن نے 9 ارکان اسمبلی اور سینیٹرزکو نااہل قرار دیا ہے، الیکشن کمیشن نے 9 مئی مقدمات میں سزائیں ہونے پر ان ارکان کو ڈی نوٹیفائی کیا ہے۔
نااہل ہونے والوں میں پانچ ارکان قومی اسمبلی، ایک سینیٹر اور 3 ارکان پنجاب اسمبلی شامل ہیں۔
نااہل ہونے والوں میں رائے حیدر علی ، صاحبزادہ حامد رضا، رائے حسن نواز، زرتاج گل شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ارکان پنجاب اسمبلی انصر اقبال، جنید افضل، رائے محمد مرتضیٰ اقبال بھی نااہل قرار دیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے نااہل ہونے والے ارکان پارلیمنٹ کی نشستیں خالی قرار دے دی ہیں۔
31 جولائی کو فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مختلف مقدمات میں فیصلہ سناتے ہوئے عمر ایوب اور شبلی فراز سمیت 196 ملزمان کو سزائیں سنائی تھیں۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پہلے 9 مئی کے 2 مقدمات کا فیصلہ سنایا جس میں 168 ملزمان کو 10، 10 سال کی سزائیں سنائیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل کو 10 سال قید کی سزا سنائی، رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کو بھی 10سال قید کی سزا سنائی گئی جب کہ جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 9 ارکان پارلیمنٹ کو نااہل کردیا
