امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں اور ٹیرف اقدامات کے بعد بھارت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی ٹیرف اقدامات کے بعد بھارت نے روس سے تیل کی خریداری کم کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت نے امریکاکو روس سے تیل کی خریداری میں کمی کا اشارہ بھی دے دیا۔
یاد رہےکہ چند روز قبل امریکی صدر نے بھارت کو روس سے تیل کی خریداری جاری رکھنے کی صورت میں اضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد بھارت کی جانب سے روس سے تیل کی خریداری میں کمی نہ کرنے پر امریکا نے بھارت پر اضافی 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا تھا۔
امریکا کی جانب سے بھارت پر اضافی 25 فیصد ٹیرف کے بعد اب بھارت پر مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد ہوگیا ہے۔
بھارت پر ٹیرف عائد کرنےکے بعد امریکی صدر نے بھارت سے تجارت پر مذاکرات کرنے سے بھی صاف انکار کردیا ہے۔
امریکی صدر سے اوول آفس میں صحافی نے سوال کیا کہ ‘ کیا وہ بھارت سے ٹیرف کے معاملے پر بات چیت کریں گے’؟
امریکی صدر نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئےکہا کہ ‘جب تک ٹیرف کا تنازع حل نہیں ہو جاتا بھارت کے ساتھ کسی قسم کے تجارتی مذاکرات نہیں ہوں گے’۔
امریکی صدر کی دھمکیوں اور ٹیرف اقدامات کے بعد بھارت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور
