ایشیاء کپ: پاکستان اور بھارت کے میچ کے جعلی ٹکٹ مہنگے داموں فروخت کیے جانے کا انکشاف

ایشیا کپ میں روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے میچ کے حوالے سے جہاں شائقین کرکٹ جوش و خروش سے منتظر ہیں وہیں آن لائن دھوکہ دہی کے واقعات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا اور مختلف ویب سائٹس پر ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے جعلی ٹکٹ مہنگے داموں فروخت کیے جا رہے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 ستمبر کو گروپ اسٹیج کے دوران متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا اور ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ٹکٹوں کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جارہا ہے، اسی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض جعلی ویب سائٹس نے اس میچ کے جعلی ٹکٹ فروخت کرنا شروع کر دیے ہیں۔

ایک آن لائن تلاش سے معلوم ہوا کہ کئی ویب سائٹس جو بعض اوقات سرچ انجنز پر اسپانسرڈ لنکس کے طور پر نظر آتی ہیں، مہنگے داموں جعلی ٹکٹ فروخت کر رہی ہیں۔ ایک ویب سائٹ پر صرف ایک ’وی آئی پی‘ پاس 11 ہزار درہم سے زائد میں فروخت ہو رہا ہے، جب کہ ’جنرل ایڈمیشن‘ ٹکٹ کی قیمت 1500 درہم سے شروع ہو رہی ہے۔

متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے متعدد بار شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک ویب سائٹ یا لنک پر کلک کرنے سے گریز کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *