نومنتخب امریکی صدر کے نامزد مشیر برائے اسپیشل مشن رچرڈ گرینل کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل سے رہا کیا جانا چاہیے،عمران خان پر صدرٹرمپ کی طرح کرپشن کے بہت سے جھوٹے الزامات ہیں، انکو بھی پاکستان کی حکمران جماعت نے جیل میں ڈالا، وہ وزیراعظم کیلئے انتخاب لڑنا چاہتے ہیں تو عوام کو فیصلہ کرنے دینا چاہیے
نومنتخب امریکی صدر کے نامزد مشیر برائے اسپیشل مشن رچرڈ گرینل نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ عجیب و غریب بیان سے میتھیو ملر بھی یہی کہنا چاہ رہے تھے کہ عمران خان کو رہا کیا جائے لیکن میں دبے الفاظ میں نہیں کھل کر کہہ رہا ہوں کہ عمران خان کو رہا کیا جائے، عقل وفہم رکھنے والے غیر روایتی سیاستدان، کاروباری لوگ ملک بہتر چلا سکتے ہیں، اسی لئے میں چاہتا ہوں عمران خان کو جیل سے رہا کیا جائے۔
نومنتخب امریکی صدر کے نامزد مشیر کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں پاکستان سے تعلقات بہت اچھے تھے، عمران خان کے بطور وزیراعظم امریکی صدر ٹرمپ سے اچھے تعلقات تھے، عمران خان سسٹم سے باہر کے آدمی تھے اس لئے ٹرمپ سے تعلقات اچھے تھے، عمران خان سابق کرکٹر ہیں روایتی سیاستدان نہیں اس لئے صاف بات کرتے ہیں۔
رچرڈ گرینل نے مزید کہا پاکستان میں بہت سارے معاملات کو بائیڈن انتظامیہ نے گزشتہ چار سال نظر انداز کیا اور کوئی پیشرفت نہیں کی، بائیڈن انتظامیہ بھی اب جاتے جاتے ایسے دکھانا چاہ رہی ہے جیسے انہیں بہت پرواہ ہے اور پاکستان میں معاملات پر پیشرفت چاہتی ہے۔
میں دبے الفاظ میں نہیں کھل کر کہہ رہا ہوں کہ عمران خان کو رہا کیا جائے، رچرڈ گرینل
