وزارت داخلہ نے پروف آف رجسٹریشن (پی اوآر) کارڈ ہولڈر افغان شہریوں کی وطن واپسی کے بارے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پی او آرکارڈ ہولڈرزکی رضاکارانہ واپسی کا عمل فوری طورپرشروع کیا جائےگا جبکہ باقی پی اوآرہولڈر افغان شہریوں کی واپسی کا عمل یکم ستمبرسے شروع ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلہ سکیورٹی خدشات اور وسائل پربڑھتے دباؤ کو مدِنظررکھتے ہوئے اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی واپسی کا عمل پہلے سے جاری فیصلے کے مطابق برقراررکھا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق افغان مہاجرین کی واپسی میں وزارت خارجہ، افغان عبوری حکومت، یو این ایچ سی آر اور دیگرکیساتھ تعاون کرےگی جبکہ وزارت سیفران پی اوآر ہولڈرز کا ڈیٹا متعلقہ صوبائی وضلعی کمیٹیوں کو فراہم کرے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نادرا، ٹرانزٹ ایریاز اوربارڈر ٹرمینلزپرواپس جانے والوں کی رجسٹریشن ختم کرنے کے انتظامات کرےگا اور ایف آئی اے نامزد بارڈرکراسنگ پوائنٹس پروطن واپسی کے عمل کوسہولت فراہم کرے گا۔
نوٹیفکیشن میں تمام صوبائی حکومتوں اورمتعلقہ ایجنسیوں کوکہا گیا ہےکہ وہ پی اوآر ہولڈرزکی مکمل میپنگ کریں، وطن واپسی کیلئے صوبائی ایکشن پلان تشکیل دے کر وزارت داخلہ سے شیئرکیا جائے اور جلاوطن افراد کیلئے ٹرانزٹ ایریازکا تعین اورنقل وحمل ومالی معاونت کا بندوبست کیا جائے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عملدرآمد کیلئے ضلعی وصوبائی سطح پرکمیٹیاں تشکیل دےکر کنٹرول رومزکو دوبارہ فعال کیا جائےگا، شکایات کے ازالے کیلئے ہاٹ لائن اور شکایتی سیل قائم کیا جائے گا جبکہ وطن واپسی کی روزانہ پیش رفت کی نگرانی فارن نیشنل سکیورٹی ڈیش بورڈ کرے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رابطہ کاری کیلئے وزارت داخلہ نے سیکشن آفیسرسکیورٹی کو فوکل پرسن مقررکردیا۔
وزارت داخلہ نے پروف آف رجسٹریشن کارڈ ہولڈر افغان شہریوں کی واپسی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا
