اسلام آباد: پاکستان نے یوکرین تنازع میں اپنے شہریوں کے ملوث ہونے کی خبروں کو مسترد کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ یوکرین تنازع میں پاکستانیوں کے ملوث ہونے کے بے بنیاد الزامات مسترد کرتے ہیں، یوکرینی حکام نے اب تک کوئی قابلِ تصدیق ثبوت فراہم نہیں کیا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو یوکرینی حکام کی جانب سے باضابطہ طور پر آگاہ بھی نہیں کیا گیا، حکومت پاکستان اس معاملے پر یوکرینی حکام سے وضاحت طلب کرے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان یوکرین تنازع کا پرامن حل چاہتا ہے اور یو این کے اصولوں کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔
واضح رہے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ روس، یوکرین جنگ میں متعدد ممالک کے جنگجو روس کی جانب سے اور یوکرین کے خلاف لڑ رہے ہیں اور ان میں پاکستان اور چین کے لوگ بھی شامل ہیں۔
پاکستان نے یوکرین تنازع میں اپنے شہریوں کے ملوث ہونے کی خبروں کو مسترد کردیا
