یہ جمہوریت اور انصاف کے ساتھ بڑی زیادتی ہوئی ہے، 9 مئی کی ہم مذمت کرچکے ہیں،  بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم 9 مئی کی مذمت کرچکے ہیں، 9 مئی نہیں ہونا چاہیے تھا اور آئندہ بھی کبھی نہیں ہونا چاہیے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھاکہ یہ بات درست ہے عمرایوب کو چیف جسٹس سے ملاقات کے لیے فون آیا تھا، عمرایوب کو چیف جسٹس سے ملاقات کا کہا گیا تھا، عمرایوب یہاں موجود نہیں تھے، ملاقات کے حوالے سے ابھی اندازہ نہیں کہ کیا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عمر ایوب نے کوئی پیغام نہیں بھیجا ان کی چیف جسٹس سے ملاقات کی کوئی خواہش نہیں تھی، چیف جسٹس کی طرف سے پیغام آیا تھا، عمرایوب کا حق تھا انہوں نے خط لکھا تھا شاہد وہ اس پر کچھ جاننا چاہ رہے تھے، یہ کچھ بعید نہیں ہے اس سے پہلے بھی چیف جسٹس ایسا کرچکے ہیں۔


ان کا کہنا تھاکہ عمرایوب بڑی پارٹی کے اپوزیشن لیڈر ہیں، ان کو فون آجاتا ہے تو اس میں کوئی قباحت نہیں، چیف جسٹس کو خط ملا تھا وہ ان پٹ لینا چاہ رہے تھے،فوری سزائیں نہ ہوتی تو کچھ ہوبھی جاتا، عمرایوب آج بھی اپوزیشن لیڈر ہیں اور کل بھی ہوں گے، عمرایوب کو سزا بالکل غلط اور ناجائز ہوئی ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ ایسا انصاف نہیں ہوتا، انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے، یہ جمہوریت اور انصاف کے ساتھ بڑی زیادتی ہوئی ہے، 9 مئی کی ہم مذمت کرچکے ہیں، 9 مئی نہیں ہوناچاہیے تھا اور آئندہ بھی نہ ہو، 9 مئی کی آڑ میں آپ ایک پارٹی کو سزا نہ دیں، پورے سسٹم کو ڈی ریل نہ کریں،  سیاسی نظام کو ختم نہ کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مختلف مقدمات میں فیصلہ سناتے ہوئے عمر ایوب اور شبلی فراز سمیت 196 ملزمان کو سزائیں سنائی تھیں۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پہلے 9 مئی کے 2 مقدمات کا فیصلہ سنایا جس میں 168 ملزمان کو 10، 10 سال کی سزائیں سنائیں۔

خصوصی عدالت نے حساس ادارے پر حملہ کیس میں 185 میں سے 108ملزمان کو سزائیں سنائیں اور دیگر کو بری کر دیا۔

تیسرے مقدمے میں 28 ملزمان کو سزا ہوئی ، 4 بری ہوئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *