سانحہ اے پی ایس :صدر، وزیراعظم سمیت باقی رہنماؤں کا شہدا کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد : صدر مملکت آصف زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی رہنماوں نے 10 ویں برسی کے موقع پر سانحہ اے پی ایس کے شہدا کوخراجِ عقیدت پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم نے پیغام میں کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاورایک دل سوزواقعہ ہے، سانحہ کی یادایک دہائی سےہمارےدلوں کومضطرب کررہی ہے،بچوں کی زندگی، خواب، امیدیں، مستقبل ان سےچھین لیاگیا۔

مجھ سمیت پوری قوم ہمارے بچوں واساتذہ کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے، وزیراعظم
کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اوران جیسے دہشت گردوں کا  نہ دین سے کوئی تعلق ہے اورنہ معاشرتی اقدارسے، پوری قوم ان بزدل دہشت گردوں کےخلاف سیسہ پلائی دیوارکی طرح کھڑی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ آئیں آج ہم ایک پرامن اور محفوظ پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔انھوں نے کہا کہ اس دن نے ہماری قوم کی اجتماعی یادداشت پرانمٹ نقوش چھوڑےجبکہ صدر مملکت آصف زرداری نے بھی آرمی پبلک اسکول حملےکے10ویں برسی پرپیغام میں کہا کہ 16 دسمبر 2014 کے افسوناک دن دہشت گردوں نے ہمارے قوم کے مستقبل پر حملہ کیا، دہشت گردوں نے اساتذہ اور بچوں کو نشانہ بنا کرعوام دشمنی کا ثبوت دیا، اس دن نے ہماری قوم کی اجتماعی یادداشت پرانمٹ نقوش چھوڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، اے پی ایس جیسے واقعات دہشت گردوں اور خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب کرتےہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردوں کو کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی، سانحہ اے پی ایس نے ہمیں دہشت گردی کےخلا ف بحیثیت قوم متحد کیا، آئیے دہشت گردی کےخاتمے اور پرامن پاکستان کے لیے کام کرنے کا عہد کریں۔

اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ثابت قدم اورآنیوالی نسلوں کو محفوظ بنائے گی، اے پی ایس سانحہ ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، سانحہ اے پی ایس نے قوم کے ضمیر کو جھنجوڑ کر رکھ دیا۔

انھوں نے کہا کہ سانحہ نے ہمیں دہشت گردی کے ناسور کے خلاف متحد کیا، وفاقی اورصوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ نیشنل ایکشن پلان پر موثرعملدرآمد سے ایسے سانحات سے بچا جا سکے گا۔

بلاول بھٹو نے انتہا پسندی کے اسباب کو تعلیم، معاشی مواقع کے ذریعے حل کرنے کی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جو دہشت گردی سے پاک ہو۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی شہدا کے لیےحرف عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اے پی ایس پشاور کو 10سال گزر چکے لیکن دکھ آج بھی زندہ ہیں، 16دسمبر 2014 کی سیاہ صبح ہر پاکستانی کے دل پر نقش ہے، دہشت گردوں نے 147 معصوم بچوں اوران کے اساتذہ کو سفاکیت کا نشانہ بنایا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ننھے طلبہ جو علم کی روشنی سے ملکی مستقبل کو روشن کرنا چاہتے تھے، درندگی کی نذر ہوگئے، سانحہ 16 دسمبر صرف اسکول پر ہی نہیں بلکہ انسانیت، تعلیم، ملک کے روشن مستقبل پر حملہ تھا، معصوم طلبہ اور اساتذہ کی قربانی نے ہمیں یہ سبق دیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہرصورت ناگزیر ہے۔

انھوں نے کہا کہ اے پی ایس شہدا ہماری قوم کے ہیرو ہیں، سانحہ اے پی ایس کے والدین اور اہل خانہ کا حوصلہ اور صبر قابل تحسین ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کرکے ہی دم لیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *